Tuesday, January 10, 2017

بلاگنگ کیوں کریں؟


بلاگنگ کیوں کریں؟ 

تزئین حسن 


ہم عموماً سوشل میڈیا پر مختلف بحثوں میں حصہ لیتے ہیں اور بسا اوقات ایک ایک پوسٹ پر کثیر وقت لگا کے اپنے موقف کے حق میں دوسروں کو قائل کرنے کی کوشش کرتے ہیں. لیکن بہت کم دوسروں کو قائل کر پاتے ہیں. اگر آپ کسی موضوع پر مدلل رائے رکھتے ہیں اور ہر پڑھنے والا شخص رکھتا ہے اور دوسروں کو قائل کرنا چاہتے ہیں تو سوشل میڈیا پر وقت ضائع کرنے کے بجائے اس موضوع پر ان دلائل کو ترتیب دے کر بلاگ پوسٹ کی شکل دینے کی عادت ڈالیں. 

یاد رکھیں ایک فیس بک پوسٹ   کے مقابلے میں ایک بلاگ پوسٹ کی عمر بہت زیادہ ہوتی ہے.  اسکی قائل کرنے کی طاقت بھی بہت زیادہ ہوتی ہے. فیس بک کی "تو تو میں میں"  میں وقت کے زیاں کے علاوہ لوگوں سے تعلقات بھی خراب ہوتے ہیں.آپ بعد اذاں اپنے بلاگ کو فیس بک پر شیر بھی کر سکتے ہیں اور اس پر سنجیدہ بحث کی دعوت بھی دے سکتے ہیں.  

لیکن ٹہریں بلاگ صرف فیس بک کا موثر نعم البدل نہیں اسکے اور بھی بہت سے فائدے ہیں.  

روز بلاگنگ کی عادت لکھنے کے عمل میں آپکی بہت مدد کرے گی. بلاگ آپکی ذاتی اسپیس ہے. آپ ایک پیراگراف سے یا ایک جملے سے بھی آغاز کر سکتے ہیں. بعد میں موضوع پر سوچ بچار کے بعد اس میں مزید مواد اور دلائل ڈالے جا سکتے ہیں. آپ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ اور بہتری کر کہ اسے قابل اشاعت بنا سکتے ہیں. 

یہ آپکے کام کا منظم ریکارڈ بھی ہوگا اور پروفیشنل پروفائل بھی ہو گا اور اسے آپ اپنے تعارف کے لئے بھی استمعال کر سکتے ہیں. اخبارات اور رسائل عموما ً آپکو چھاپنے سے پہلے آپکا کام دیکھنا چاہتے ہیں. وہاں بھی یہ آپکی مدد کرے گا. 


مگر یہ کام آسان نہیں آپکا وقت اور ہمت مانگتا ہے. اور اسکے لئے مشق کی ضرورت ہے. مگر اگر آپ لکھنے کے لئے سنجیدہ ہیں تو یہ خواب صرف خواہش سے پورا نہیں ہو گا. ابولکلام آزاد کے مطابق خواب وہ نہیں ہوتے جو آپ سوتے میں دیکھتے ہیں بلکہ خواب وہ  ہوتے ہیں جو آپکو سونے نہیں دیتے. 


   


2 comments: